وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔
اس اہم ملاقات میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تنازع، مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ملاقات کے دوران اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے درکار اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی، جو خطے کے تنازعات کے جامع حل کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اپنے حکومت کے مؤقف اور خدشات کھل کر پاکستانی قیادت کے سامنے رکھے، اور دونوں جانب سے متعلقہ امور پر تعمیری اور مفید گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ ملاقات کے دوران اہم پیش رفت ہوئی اور بات چیت انتہائی مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالیہ پیش رفت مستقبل میں مزید مثبت اقدامات کی راہ ہموار کرے گی اور خطے میں دیرپا امن کے قیام میں مددگار ثابت ہوگی۔