ستھرا پنجاب پروگرام: لاہور سے صفائی بلوں کی ناکام وصولی 

لاہور (زیڈ این این)ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبائی دارالحکومت لاہور میں شہریوں سے صفائی بلوں کی وصولی کا منصوبہ اپنے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام ہو گیا ہے۔ گزشتہ 7 ماہ کے دوران جاری کیے گئے اربوں روپے کے صفائی بلوں میں سے محض 3 فیصد رقم ہی وصول کی جا سکی ہے۔دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اب تک لاہور شہر میں مجموعی طور پر 51 لاکھ 90 ہزار سے زائد بل جاری کیے گئے، جن کی کل مالیت تقریباً 13 ارب روپے بنتی ہے۔ تاہم، شہریوں اور تاجروں کی جانب سے عدم دلچسپی کے باعث صرف 2 لاکھ 75 ہزار بلوں کی ادائیگی ممکن ہو سکی اور محض 36 کروڑ روپے ہی سرکاری خزانے میں جمع ہو سکے۔رپورٹ کے مطابق رہائشی علاقوں میں 28 لاکھ بلوں کے مقابلے میں محض 1 لاکھ 27 ہزار، جبکہ 23 لاکھ کمرشل بلوں میں سے صرف 1 لاکھ 48 ہزار بل وصول کیے گئے۔ وصولی کی اس انتہائی کم شرح کے باعث ستھرا پنجاب پروگرام شدید مالی بحران کا شکار ہو گیا ہے اور متعلقہ حکام کو مالی اہداف کی تکمیل کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔