شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی: ستھرا پنجاب اور ایکسائز کا معاہدہ طے پا گیا

 پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس بھی ایکسائز وصول کرے گا، 1 فیصد سروس چارجز ملیں گے ،اعلامیہ جاری
 رہائشی گھروں کے لیے 300 تا 5000 اور کمرشل یونٹس کے لیے 500 تا 3000 روپے ماہانہ فیس مقرر
  لاہور (زیڈاین این) پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی مؤثر اور شفاف وصولی کے لیے ''ستھرا پنجاب اتھارٹی'' اور ''محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن'' کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ (SLA) پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کے تحت اب پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ ہی صفائی کے چارجز بھی وصول کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق معاہدے پر ڈی جی ستھرا پنجاب عمر جاوید اور ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے دستخط کیے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈی جی رضوان الحق اور ایڈیشنل ڈی جی احمد سعید سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت محکمہ ایکسائز اب پراپرٹی ٹیکس چالان کے ساتھ صفائی فیس کی وصولی یقینی بنائے گا۔ اس کے علاوہ گھر گھر سروے، بلوں کی پرنٹنگ اور شہریوں کی شکایات کا ازالہ بھی محکمہ ایکسائز کی ذمہ داری ہوگا۔ اس خدمات کے عوض ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو کل وصولی پر 1 فیصد سروس چارجز ملیں گے۔محکمہ ایکسائز نے پنجاب بھر میں یکساں ماہانہ صفائی فیس کا ریٹ شیڈول جاری کر دیا ہے: رہائشی املاک 5 مرلے تک: 300 روپے، 5 سے 10 مرلے: 500 روپے، 10 سے 20 مرلے: 1,000 روپے ، 20 سے 40 مرلے: 2,000 روپے ، 40 مرلے سے زائد (کنال/فارم ہاؤس): 5,000 روپے، کمرشل املاک چھوٹے یونٹس: 500 روپے ، درمیانے یونٹس: 1,000 روپے ، بڑے کمرشل یونٹس: 3,000 روپے ،نئے میکنزم کا مقصد شہری حدود میں صفائی کے نظام کو مالی طور پر مستحکم اور خود کفیل بنانا ہے۔