وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں صفائی کا وسیع ترین نظام متعارف کرایا ہے:سینئر وزیرکی پریس کانفرنس
لاہور(سپیشل رپورٹر) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے صوبے کی 13 کروڑ آبادی ’’ستھرا پنجاب‘‘ منصوبے سے مستفید ہو رہی ہے جو کسی معجزے سے کم نہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کو عوام کیلئے تاریخی خدمت قرار دیا۔سینئر وزیر نے کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ منصوبہ صوبے کا سب سے بڑا صفائی پروگرام ہے، جس کے ذریعے پہلی بار پورے پنجاب میں مربوط سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں صرف چھ شہروں تک صفائی کا نظام محدود تھا جبکہ دیہی علاقوں میں کوئی مربوط صفائی کا ڈھانچہ موجود نہیں تھا۔ منصوبے کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے اور دوسرے فیز پر تیزی سے کام جاری ہے۔مریم اورنگزیب نے ٹریفک قوانین کے نفاذ پر بھی گفتگو کی اور لاہور میں ہیلمٹ پہننے کی بڑھتی ہوئی پابندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کیلئے سخت نفاذ کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کم عمر ڈرائیونگ کے باعث ہونے والے حادثات انتہائی تشویشناک ہیں اور قوانین پر عمل درآمد سے حادثات میں نمایاں کمی آئے گی۔