عمران خان جتنا جسمانی طور پر مضبوط تھا اتنا ہی اس نے خود کو روحانی طور پر بھی مضبوط کرلیا
اتنی قید تنہائی کے بعد اگر وہ کھڑا ہے، لوگوں سے باتیں کررہا ہے تو یہ معجزہ ہے،سینئر سیاستدان
لاہور(آئی این پی ) سینئر سیاستدان اعتزاز احسن نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں قیدِ تنہائی، بنیادی انسانی و قانونی حقوق کی سلب ورزی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی سیاسی رہنما کے ساتھ ایسا طریقہ کار اور ظلم نہیں اپنایا گیا۔ ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ کسی بھی قواعد و ضوابط یا رولز بک میں موجود نہیں ہے، تاریخ میں ذوالفقار علی بھٹو سمیت کسی بھی لیڈر پر ایسا ظلم نہیں ہوا کہ ایک سابق وزیراعظم کو مہینوں تک کسی سے نہ ملنے دیا جائے، قانونا کسی بھی قیدی کو اس کے ذاتی ڈاکٹر، وکیل اور فیملی سے ملنے سے نہیں روکا جا سکتا مگر عمران خان کے معاملے میں تمام قانون اور آئین معطل نظر آتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو شدید سردی میں جیل کے باہر سے واٹر کینن کے ذریعے اٹھایا گیا، جو کہ ملکی تاریخ میں ایک افسوسناک اور بے مثال واقعہ ہے، عمران خان جسمانی طور پر جتنے مضبوط تھے، اس طویل قیدِ تنہائی نے انہیں روحانی طور پر اس سے کہیں زیادہ طاقتور بنا دیا ہے، اتنی کٹھن اور تنہا قید کے بعد اگر وہ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور اپنی بہن نورین سے ملاقات کے دوران معمول کے مطابق گفتگو کر رہے ہیں تو یہ کسی معجزے سے کم نہیں