فساد کرنے والوں کی جگہ خلیج فارس کے پانی میں ہے:سپریم لیڈر جلد ایسا اسلحہ استعمال کرینگے دشمن کانپ اٹھے گا: ایرانی نیول چیف

آبنائے ہرمز میں نیا باب شروع ہو رہا ہے،خطے کی آزادی اور غیر ملکی مداخلت کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں ایرانی قوم نے دیں:مجتبی خامنہ ای 
امریکہ  اور اسرائیل آبنائے ہرمز میں بدامنی کے ذمہ دار ہیں‘  ایران سمندری راستے کی حفاظت کو  قومی سلامتی کا اہم جزو سمجھتا ہے: صدر مسعود پزشکیان
تہران(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای نے کہا ہے  ایرانی قوم نے خطے کی آزادی اور غیر ملکی مداخلت کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر مجتبی خامنہ ای کا نیا پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں سپریم لیڈر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں نیا باب شروع ہو رہا ہے، امریکا کی ناکامی کے بعد خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں نئی صورتحال سامنے آ رہی ہے، دو ماہ کی کشیدگی اور امریکی منصوبے کی ناکامی کے بعد خطے میں نیا مرحلہ شروع ہو رہا ہے۔مجتبی خامنہ ای نے کہا کہ اسٹریٹیجک اثاثہ ہرمز صدیوں سے کئی شیطانی طاقتوں کی لالچ کو ابھارتا رہا ہے، خلیج فارس نہ صرف اقوام کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہے بلکہ آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان کے ذریعے عالمی معیشت کے لیے ایک اہم اور منفرد راستہ بھی فراہم کرتی ہے، ہرمز محض ایک آبی گزرگاہ نہیں بلکہ ایک ایسی نعمت ہے جس نے ہماری شناخت اور تہذیب کا حصہ تشکیل دیا ہے‘دریں اثناء ایرانی نیول چیف ایڈمرل شہرام ایرانی نے کہا ہے  جلد ایسا اسلحہ استعمال کریں گے جس سے دشمن کانپ اٹھے گا۔ جدید ہتھیار دشمن کے بہت قریب ہے، امید ہے انہیں دل کا دورہ نہ پڑے۔ دشمن بحیرہ عرب سے ہرمز کی جانب بڑھا تو اپنا تیز تر رد عمل دیں گے۔انہوں نے کہا امریکی فوری فتح کا اندازہ اب ملٹری اکیڈمیز میں مذاق ہے۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے آبنائے ہرمز کی صورتِ حال اور ناکہ بندی کیلئے  امریکا اور اسرائیل کو ذمے دار قرار دے دیا۔  ایرانی سرکاری میڈیا پر یومِ خلیج فارس کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں صدر پزشکیان نے کہا کہ آبنائے ہرمز ایرانی قوم کی عظیم مزاحمت کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس آبی گزرگاہ میں کسی بھی قسم کی بدامنی کی ذمے داری امریکا اور صہیونی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے حریف ممالک کو خطے سے دور رکھنے کے فیصلے کا دفاع بھی کیا۔ایرانی صدر نے کہا کہ  ایران اس اسٹریٹجک سمندری راستے کی حفاظت کو اپنی قومی سلامتی کا اہم جزو سمجھتا ہے۔