حکومتی بزنس شروع ہوتے ہی اپوزیشن رکن کرنل ریٹائرڈ شعیب امیر نے کورم کی نشاندہی کردی
اجلاس پانچ منٹ کیلئے ملتوی کیا گیا ‘ مطلوبہ تعداد پوری نہ ہوسکی ، اجلاس آج دوپہر 2 بجے تک ملتوی
لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی کے 45ویں اجلاس کی دوسری نشست بھی حکومت کے لیے مشکلات کا شکار رہی اور حکومت مسلسل دوسری نشست میں ایوان کا کورم پورا کرنے میں ناکام ہوگئی، حکومتی بزنس شروع ہوتے ہی اپوزیشن رکن کرنل ریٹائرڈ شعیب امیر نے کورم کی نشاندہی کردی، جس کے بعد اجلاس پانچ منٹ کے لیے ملتوی کیا گیا تاہم مطلوبہ تعداد پوری نہ ہوسکی اور سپیکر ملک محمد احمد خان نے اجلاس منگل کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا۔ اجلاس میں پولیس کے ای چالان، سیلاب متاثرین، ستھرا پنجاب پروگرام اور دیگر معاملات پر حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کے خیر مقدم کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔