پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کا شکار، بار بار کورم ٹوٹتا رہا

ایوان میں کئی بلوں کی منظوری، اپوزیشن نے مائیک نہ ملنے پر واک آؤٹ کیا‘ اجلاس آج تک ملتوی
لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی کا اجلاس شدید ہنگامہ آرائی، شور شرابے اور کورم کے بار بار ٹوٹنے سے متاثر رہا ایوان میں کئی بلوں کی منظوری، اپوزیشن نے مائیک نہ ملنے پر واک آؤٹ کیا،اسپیکر نے کہا واک آؤٹ اپوزیشن کا حق ہے  بعدازاں اپوزیشن نے پھر سے کورم کی نشاندہی کردی، کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس متعدد بار ملتوی ہوتا رہا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ بیالیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا تو وقفہ سوالات کے آغاز پر ہی سپیکر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے عدم موجودگی پر نالاں نظر آئے اور وزیر برائے ہائر ایجوکیشن کی اسمبلی میں عدم دلچسپی پر وزیر اعلیٰ کو خط بھجوانے کا فیصلہ کیا۔ ایوان میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا چور چور کے نعرے لگے جبکہ اسپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے دونوں جانب سے لیڈرشپ کے خلاف غلیظ الفاظ کے استعمال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔