اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کردیا ،سماعت 27 اگست تک ملتوی
اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل کے تین قیدیوں کی جانب سے نجی ہسپتالوں سے علاج اور اہل خانہ سے رابطے کی اجازت سے متعلق درخواستوں پر جیل سپرنٹنڈنٹ سے پیراوائز کمنٹس طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔جسٹس محمد آصف نے قیدیوں الیاس خان، محمد اسماعیل خان اور اویس الطاف کی درخواستوں پر سماعت کی، محمد اسماعیل خان کی جانب سے بیرسٹر اختر چھینہ عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ اویس الطاف کے وکیل سید جعفر ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں مقدمات میں جیل سپرنٹنڈنٹ سے پیراوائز کمنٹس طلب کرتے ہوئے جیل حکام کو نوٹس جاری کردیا اور سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی۔