کم پیسوں پر علاج کی سہولت مہیا کرنا ممکن نہیں، سہولت بند ہونے سے نجی ہسپتالوں میں علاج کروانے والے پریشان ہو گئے
حکومت نجی ہسپتالوں میں پھر سے صحت کارڈ پر کینسر کے علاج کی سہولت بحال کرنے کے اقدامات کرے؛کینسر کے مریضوں کی اپیل
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور کے نجی ہسپتالوں میں صحت کارڈ پر کینسر کا مفت علاج بند ہوگیا۔ نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اخراجات سے کم پیسوں پر علاج کی سہولت مہیا کرنا ممکن نہیں، علاج کی سہولت بند ہونے سے نجی ہسپتالوں میں علاج کروانے والے پریشان ہو گئے۔کینسر ادویات کے ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا کہ رواں سال ستمبر سے 15 سے 20 نجی ہسپتالوں نے صحت کارڈ پر مفت کینسرعلاج بند کر دیا ہے۔ پنجاب لائف انشورنس کمپنی نے 25 ستمبر کو نئی ریٹ لسٹ جاری کی جس میں نجی ہسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر نئے ریٹس کے مطابق ادویات دیں تو بل کلئیر ہوں گے ورنہ نہیں۔پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی (پی ایچ آئی ایم سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر علی رزاق کا کہنا ہے کہ صرف 20 فیصد نجی ہسپتال صحت کارڈ پر کینسر کا مفت علاج کرتے تھے جو اب زیادہ رقم کا مطالبہ کر رہے ہیں، ان کے ساتھ 10 فیصد منافع کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔کینسر کے مریضوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ نجی ہسپتالوں میں پھر سے صحت کارڈ پر کینسر کے علاج کی سہولت بحال کرنے کے اقدامات کرے تاکہ مریضوں کا رکا ہوا علاج دوبارہ سے شروع ہوسکے۔