لاہور (آن لائن) محکمہ صحت پنجاب کی میڈیا پر لاہور کے نجی ہسپتالوں میں کینسر کے علاج بند ہونے سے متعلق چلنے والی خبر بارے وضاحت کرتے ہوئے کہا چیف منسٹر کینسر پیشنٹس پروگرام کے تحت پینل پر موجود تمام نجی ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج بدستور جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق جائزے کے دوران ادویات پر چھپی ہوئی قیمتوں اور ہسپتالوں کی اصل خریداری کی لاگت کے درمیان نمایاں فرق سامنے آیا جس کے باعث مریضوں کی علاج معالجے کی مقررہ حد (10 لاکھ روپے) جلد ختم ہو جاتی تھی۔اسی بنیاد پر اضافی چارجز اور ادویات پر غیر ضروری منافع کی روک تھام کے لیے یہ اقدمات کئے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ اس حوالہ سے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ہسپتالوں کے خلاف ایکشن بھی لینے کی ہدایت کی گئی۔چیف منسٹر کینسر پیشنٹس پروگرام کے تحت محکمہ صحت نے پرائیویٹ ہسپتالوں کے لیے کینسر کی ادویات اور کیموتھراپی کی قیمتوں کو باقی ہسپتالوں کی قیمتوں کے مطابق یکساں کر دیا۔