سینیٹ: قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن کاشدید احتجاج

اسلام آباد(آن لائن)ایوان بالا میں اپوزیشن کا قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے پر شدید احتجاج ۔اپوزیشن کی جانب سے دو بار کورم کی نشاندھی کی گئی اور کورم  پورا نہ ہونے پر کارروائی آج منگل تک ملتوی کر دی گئی۔ سوموار کو سینیٹ کے اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے قرارداد پیش کرنے کے اصرار اور کورم کی بار بار نشاندہی کے بعد ایوان کی کارروائی آج  گیارہ بجے تک ملتوی کر دی گئی۔اجلاس کے دوران سینیٹر علی ظفر نے قرارداد پیش کرنے پر اصرار کیا۔ اس پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے اس لیے پارلیمنٹ میں اس پر بحث نہیں کی جا سکتی۔ ان ریمارکس پر سینیٹر محسن عزیز اور اپوزیشن اراکین نے شدید احتجاج کیا۔اپوزیشن نے ایوان میں ڈیسک بجانے شروع کر دیے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان کو چلنے دیا جائے، اپوزیشن کو وقت دیا جائے گا۔