اسلام آباد(آئی این پی )قومی اسمبلی اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن ارکان اسمبلی نے ایوان میں احتجاج کیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکرغلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں ڈومیل بنوں میں دہشت گردی واقعے میں جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے پوائنٹ آف آرڈر پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر مسلط نا لائق حکومت نے رات کے اندھیرے میں ایسی واردات کی جس کی مثال نہیں ملتی۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اضافے کے خلاف جنید اکبر ابھی اظہار خیال کر ہی رہے تھے اور دیگر ارکان بھی بولنا چاہتے تھے لیکن ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا۔