بھارت کے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے ستلج میں سطح 21 فٹ سے تجاوز

بھارت کے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے ستلج میں سطح 21 فٹ سے تجاوز

بھارت کے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کے باعث علاقے میں شدید سیلاب کی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔

 ترجمان فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی سطح 21.30 فٹ تک بلند ہو چکی ہے، اور پانی کے اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان نے بتایا کہ بھارت سے دریائے ستلج میں تقریباً 1 لاکھ 42 ہزار کیوسک پانی پاکستان میں داخل ہو رہا ہے، جس کے سبب اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر بھی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جہاں پانی کی سطح بہت بلند ہے۔اسی طرح، ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 94,143 کیوسک اور نکاس 87,529 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق، پانی کے سطح میں اضافہ جاری رہنے سے ضلع پاکپتن کے 80 کلومیٹر طویل علاقے کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔حکومتی ادارے اور متعلقہ حکام سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں، اور مقامی لوگوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔