نواز شریف اندرونی پارٹی اختلافات ختم کرانے کیلئے متحرک، سعد رفیق کو ذمہ داری سونپ دی

این اے129  ن لیگ میں دھڑے بندی 
حلقے میں 4 دھڑے بن گئے ،سعد رفیق لیگی رہنما ئوں رانا مشہود، مہر اشتیاق اور چودھری باقر سے ملاقات کرچکے ، نواز شریف کا پیغام پہنچایا ،پارٹی امیدوار حافظ میاں نعمان کی کامیابی کیلئے یکجا ہونا وقت کی ضرورت :سینئر رہنما
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)لاہور کے حلقہ این اے 129 میں مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات ختم کرانے کیلئے پارٹی قائد نواز شریف متحرک ہوگئے ،انہوں نے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کو بڑے سیاسی دھڑوں کو متحد کرنے کی ذمہ داری سونپ دی ۔ ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حلقے کے چاروں بڑے دھڑوں میں مصالحت کرائیں اور تمام رہنما ئوں کو پارٹی ٹکٹ ہولڈر امیدوار حافظ میاں نعمان کی حمایت پر آمادہ کریں۔ اس سلسلے میں سعد رفیق پہلے ہی لیگی رہنما ئوں رانا مشہود، مہر اشتیاق اور چودھری باقر سے ملاقات کرچکے ہیں۔ملاقات میں خواجہ سعد رفیق نے نواز شریف کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر پارٹی امیدوار حافظ میاں نعمان کی کامیابی کیلئے یکجا ہونا وقت کی ضرورت ہے،متحدہ کوششوں کے بغیر انتخابی معرکہ جیتنا مشکل ہوگا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے سعد رفیق کو انتخابی مہم کی نگرانی کی بھی ذمہ داری دی ہے تاکہ اندرونی اختلافات انتخابی نتائج پر اثرانداز نہ ہوں۔ خواجہ سعد رفیق نے این اے 129 میں ن لیگ کے مرکزی انتخابی دفتر کا افتتاح بھی کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق لاہور کے حلقہ این اے 129 میں مسلم لیگ ن اندرونی اختلافات کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوگئی تھی جس کی وجہ سے پارٹی قائد نوازشریف کو خود حرکت میں آنا پڑا اور انہوں نے خواجہ سعد رفیق کو ذمہ داری سونپی۔