ویڈیوثبوت عدالت میں پیش ،دبا ئو میں نہیں آئینگے :علیمہ خان ، میڈیا سے گفتگو
شیر شاہ 2سال لندن روپوش رہا ،ریاست کیخلاف ڈیجیٹل مہم چلانے کابھی الزام
لاہور(خصوصی رپورٹ)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جناح ہا ئوس حملہ کیس میں گرفتار بانی پی ٹی آئی کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ایڈمن جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی،پولیس حکام نے ملزم شیر شاہ کو سخت سکیورٹی حصار میں عدالت کے روبرو پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ، تفتیشی افسر نے م ئوقف اپنایا کہ ملزم موقع پر موجود تھا جس کے ویڈیو شواہد موجود ہیں۔ ملزم کا فوٹوگرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کروانا ہے، عدالت 30 روزہ جسمانی ریمانڈ دے۔عدالت میں جناح ہا ئوس کی ویڈیو بھی چلائی گئی جس میں شیرشاہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزم کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 27 ماہ بعد یاد آیا کہ ملزم کو گرفتار کیا جائے، اس سے قبل بھی عدالتیں تاخیر سے گرفتاری پر ملزموں کو ڈسچارج کر چکی ہیں،اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو پورے شہر کو گرفتار کر لیا جائے گا،لہذاملزم کو جسمانی ریمانڈ پر نہ دیا جائے بلکہ ڈسچارج کیا جائے۔ عدالت نے شیر شاہ کو پانچ دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا ہم کسی دبا ئو میں نہیں آئیں گے ، حکومت گھبراہٹ کا شکار ہے ایسے فیصلوں سے یہ ڈوب رہی ہے۔علیمہ خان نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئیکہاکہ ایک دن پہلے میرے بڑے بیٹے شاہ ریز کو آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر لے گئے جبکہ آج چھوٹے بیٹے شیر شاہ کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا،میرے دونوں بیٹوں کا واحد جرم یہ ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے بھانجے ہیں۔ حکومت اس طرح کی کارروائیوں سے فیملی پر دبا ئو ڈالنا چاہتی ہے تاکہ بانی پی ٹی آئی کو پریشرائز کیا جا سکے لیکن ہم کسی دبا ئو میں نہیں آئیں گے۔ میرے وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہو چکے ہیں، مگر ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے بھائی کو 14 سال اور بھانجے حسان نیازی کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی حالانکہ سزا ان کو ملنی چاہئے جنہوں نے بلڈنگز کو آگ لگائی۔بانی پی ٹی آئی نے کبھی کسی سے بدلہ نہیں لیا، وہ نرم دل انسان ہیں ، ان کو محض انتقامی سیاست کی وجہ سے رہا نہیں کیا جا رہا۔دوسری طرف ذرائع کا کہناہیکہ عمران خان کے بھانجوں اور علیمہ خان کے دونوں بیٹوں کی گرفتاری شواہد کی بنیاد پر کی گئی۔ 9 مئی 2023 کو جناح ہا ئوس پر حملے کے وقت ملزم شیر شاہ حسان نیازی کے ساتھ تھا، ملزم شیر شاہ پر نو مئی حملہ کیس میں پہلے بھی ایف آئی آر درج ہے اور ملزم پر 9 مئی کو جلا ئو گھیرا ئو، توڑ پھوڑ، پولیس وین کو آگ لگانے کا الزام ہے۔ شیر شاہ کی جائے وقوعہ پر موجودگی کے شواہد ویڈیو ریکارڈ کی صورت میں پولیس کے پاس موجود ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم شیرشاہ دو سال سے لندن میں روپوش تھا،اس پرریاست کے خلاف کئی ماہ تک ڈیجیٹل مہم چلانے کا بھی الزام ہے اور ملزم شیر شاہ کو پاکستان واپسی پر پولیس نے 22 اگست کو گرفتار کیا۔ دوسرے ملزم شاہ ریز کا نام ستمبر 2023 کی ضمنی رپورٹ میں شامل تھا ، شاہ ریز کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے اوراسے21 اگست کو گرفتارکیا گیا۔