سکیورٹی اہلکار میرے بیٹے کا گھیرا ئوکرکے گاڑی سے نکال کر لے گئے، یہ سب بانی پی پی ٹی آئی اور ہم پر پریشر ڈالنے کی حرکت ہو سکتی ہے:علیمہ خان
لاہور (آئی این پی )لاہور کی انسداد دہشتگری عدالت نے 9 مئی 2023 کو جناح ہائوس پر حملے کے کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کا 8 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔لاہور پولیس نے گزشتہ روز زمان پارک سے گرفتار ملزم شاہ ریز خان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا اور ایک ماہ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔لاہور ملزم شاہریز خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے جسمانی ریمانڈ دینے کی مخالفت کی تھی، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔بعدازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کی ایک ماہ کا ریمانڈ دینے کی استدعا مستر د کرتے ہوئے شاہ ریز خان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔دریں اثناء پولیس نے بانی پی ٹی آئی کے بھانجے اور علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو بھی حراست میں لے لیا۔علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کو گاڑی روک کر حراست میں لیا گیا، علیمہ خان نے بیٹوں کی گرفتاری کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے اگرآپ کا خیال ہے ہم ڈرجائیں گے توایسا نہیں ہے۔صوبائی دارالحکومت میں سلمان اکرم راجہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سکیورٹی اہلکار میرے بیٹے کا گھیرا ئوکرکے گاڑی سے نکال کر لے گئے‘ یہ سب کچھ بانی پی پی ٹی آئی کے اور ہم پر پریشر ڈالنے کی حرکت ہو سکتی ہے، اگر آپ کا خیال ہے کہ ہم ڈر جائیں گے تو ایسا نہیں ہے، ہم عظیم مقصد کے لیے اپنے بھائی کا ساتھ دے رہے ہیں۔ ہمارا بھائی پاکستان میں حقیقی آزادی کی بات کررہا ہے، حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ہمیں کوئی ڈرنہیں، ہم سب لوگ حق کیساتھ کھڑے ہیں۔