اسرائیل کی یورپ کو سخت وارننگ: فلسطینی ریاست کی حمایت یا اسرائیل کا ساتھ، فیصلہ کریں

اسرائیل کی یورپ کو سخت وارننگ: فلسطینی ریاست کی حمایت یا اسرائیل کا ساتھ، فیصلہ کریں

تل ابیب: اسرائیل نے فرانس اور دیگر یورپی ممالک کو فلسطینی ریاست کی حمایت پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے واضح وارننگ دی ہے کہ یورپ کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے یا حماس کے ساتھ۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یورپی رہنماؤں کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اقدامات دراصل مشرقِ وسطیٰ میں جہادی اتحاد کے مفاد میں جاتے ہیں۔ ان کے مطابق حماس نے ان تمام فیصلوں کی کھل کر تعریف کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حماس نے نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ کیسپر ویلڈکیمپ کے استعفے کو بھی سراہا، جنہوں نے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف مزید پابندیاں لگوانے کے مطالبے پر کابینہ کی مخالفت کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ کیسپر نے کہا تھا کہ وہ غزہ کی صورتحال پر شرمندہ ہیں اور مزید سخت اقدامات نہ اٹھا سکنے پر مجبور ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سے قبل فرانسیسی صدر اور دیگر یورپی رہنماؤں کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے پر بھی حماس نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔واضح رہے کہ فرانس نے گزشتہ ماہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ فرانسیسی صدر نے اعلان کیا ہے کہ وہ ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران اس فیصلے کو باضابطہ طور پر دنیا کے سامنے رکھیں گے۔