واشنگٹن: یورپ میں ریکارڈ توڑ گرمی کے بعد امریکا میں بھی شدید ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے سخت وارننگ جاری کر دی ہے۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کی وسطی اور مشرقی ریاستوں میں رواں ہفتے درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا امکان ہے۔امریکی نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ گرمی کی موجودہ لہر کئی روز تک برقرار رہے گی، جبکہ آئندہ جمعہ کو، جب امریکا میں یومِ آزادی کی طویل تعطیلات شروع ہوں گی، ہیٹ ویو اپنے عروج پر ہوگا۔ ماہرین کے مطابق منگل سے ہفتہ تک درجنوں شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ قائم ہونے یا پرانے ریکارڈ برابر ہونے کا امکان ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق شدید گرمی امریکا میں سب سے جان لیوا موسمی خطرات میں شمار ہوتی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہر سال گرمی کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد بگولوں، سمندری طوفانوں اور آسمانی بجلی سے ہونے والی مجموعی اموات سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔امریکی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی امریکا کے وسیع علاقوں میں شدید گرمی کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے خطرات بھی نمایاں طور پر بڑھ گئے ہیں، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔