ویب ڈیسک: پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی نامور سینئر اداکارہ اور بشریٰ انصاری کی بہن، اداکارہ اسماء عباس کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔
اس بد نیتی پر مبنی کارروائی کے نتیجے میں ہیکرز نے ان کے نمبر سے مختلف لوگوں کو پیغامات بھیجے اور بڑی رقم کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق، بشریٰ انصاری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس واقعے سے آگاہ کرتے ہوئے اسما عباس کے نمبر سے بھیجے گئے مشکوک پیغامات کے اسکرین شاٹس شیئر کیے۔ ان اسکرین شاٹس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیکر، اسماء عباس کے نام کا استعمال کرتے ہوئے ایک شخص "ابراہیم" سے 10 لاکھ روپے بطور ادھار مانگ رہا ہے۔اداکارہ اسماء عباس نے بھی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے مداحوں اور دوستوں کو آگاہ کیا کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے اور ان کے نام سے جعلی پیغامات بھیجے جا رہے ہیں جن میں رقم کا تقاضا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ سب ہیکرز کا کام ہے اور عوام کو خبردار کیا کہ ایسے پیغامات پر ہرگز اعتماد نہ کیا جائے۔اسماء عباس نے مزید کہا کہ اس واقعے کے باعث ان کے قریبی دوست اور عزیز شدید پریشانی کا شکار ہیں، جس پر وہ ان سے معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے دھوکے باز پیغامات پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مالی لین دین سے اجتناب کریں تاکہ کسی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔سائبر ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام کو اس قسم کے فراڈ سے بچنے کے لیے اپنے سوشل میڈیا اور واٹس ایپ اکاؤنٹس پر ٹو اسٹیپ ویری فکیشن لازمی فعال رکھنی چاہیے تاکہ ہیکنگ کے خطرے کو کم کیا جا سکے۔