سرکاری جامعات کے ڈائریکٹر فنانس کی تنخواہوں میں اضافہ:وزیر اعلیٰ سندھ

سرکاری جامعات کے ڈائریکٹر فنانس کی تنخواہوں میں اضافہ:وزیر اعلیٰ سندھ

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع کی سفارش پر صوبے کی سرکاری جامعات میں کم تنخواہیں لینے والے ڈائریکٹر فنانس کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔

سندھ حکومت نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے سیکشن افسر کمال احمد کے دستخط سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایم پی اسکیل-II کے تحت ڈائریکٹر فنانس کی نئی تنخواہ 448,280 روپے مقرر کردی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تنخواہوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:

بنیادی تنخواہ: 263,180 روپے
گھر کا کرایہ: 95,700 روپے
یوٹیلیٹی الاؤنس: 11,970 روپے
منافع کی مد میں رقم: 77,430 روپے
یہ اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
یاد رہے کہ چیئرمین سندھ ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردہ سمری میں نشاندہی کی تھی کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاقی جامعات میں ڈائریکٹر فنانس کو BPS-20 پر مستقل بنیادوں پر تعینات کیا جاتا ہے، جبکہ بلوچستان میں یہ عہدہ BPS-20/21 پر چار سالہ مدت کے لیے دیا جاتا ہے۔سمری میں کہا گیا تھا کہ سندھ میں کم تنخواہوں کے باعث کئی جامعات میں ڈائریکٹرز فنانس نے جوائن نہیں کیا یا جوائن کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد حکومت سندھ نے سرچ کمیٹی کی سفارش پر ویٹنگ لسٹ سے تقرریاں کیں۔ڈاکٹر طارق رفیع نے ڈائریکٹر فنانس کے عہدے کی اہمیت اور اہل افراد کو برقرار رکھنے کے لیے تنخواہ کم از کم پانچ لاکھ روپے مقرر کرنے کی سفارش کی تھی، جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے اضافہ منظور کیا۔