اوپن یونیورسٹی : داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا شیڈول جاری

 گلگت بلتستان، ملتان، کراچی اور کوئٹہ ریجنزمیں ٹیسٹ سینٹرز قائم کردیے گئے
طلبہ اپنی سہولت اور ترجیح کے مطابق قریبی سینٹر میں ٹیسٹ دے سکیں گے: ترجمان 
 اسلام آباد  (آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق انٹری ٹیسٹ کا آغاز سوموار25 اگست سے ہوگا جو مختلف فیکلٹیز کے تحت چار روز تک جاری رہیں گے۔شیڈول کے مطابق کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کا ٹیسٹ 25 اگست کو، فیکلٹی آف سوشل سائنسز کا 26 اگست کو، فیکلٹی آف سائنسز کا 27 اگست کو جبکہ فیکلٹی آف ایجوکیشن کا انٹری ٹیسٹ 28 اگست کو منعقد ہوگا۔ تمام ٹیسٹ صبح 9 بجے بیک وقت شروع ہوں گے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خصوصی ہدایت پر ملک کے اہم مقامات پر طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پانچ بڑے شہروں، اسلام آباد (مین کیمپس)، گلگت بلتستان، ملتان، کراچی اور کوئٹہ ریجنزمیں ٹیسٹ سینٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ طلبہ اپنی سہولت اور ترجیح کے مطابق قریبی سینٹر میں ٹیسٹ دے سکیں۔