ملکی مجموعی درآمدات کا حجم 5 ارب 86 کروڑ 58 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا
اسلام آباد(آن لائن)رواں مالی سال کے پہلے ہی ماہ میں ملک کے تمام شعبوں کی درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اورجولائی میں ملکی مجموعی درآمدات کا حجم 5 ارب 86 کروڑ 58 لاکھ ڈالر ریکارڈکیا گیا۔ غذائی اجناس کی درآمدات میں سالانہ 44.90 فیصد اضافہ ریکارڈکیاگیا اور سرکاری دستاویزکے مطابق جولائی میں غذائی اجناس کی درآمدات پر 74 کروڑ 39 لاکھ ڈالر خرچ کیے گئے۔ مشینری شعبے کی درآمدات میں سالانہ 29.37 فیصد اضافہ ہو گیا اور سرکاری دستاویزکے مطابق جولائی میں مشینری کا درآمدی حجم 92 کروڑ 75 لاکھ 34 ہزار ڈالر رہا۔ٹرانسپورٹ شعبے کی درآمدات میں سالانہ 167.18 فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا۔ جولائی میں ٹرانسپورٹ شعبے کا درآمدی حجم تقریبا 30 کروڑ 71 لاکھ ڈالر ریکارڈکیا گیا۔