کم جونگ نے ہلاک فوجیوں کی تصاویر پر پھو ل ،واپس آنیوالے سپاہیوں کو گلے لگایا
شمالی کوریا نے روس کو 10 ہزار فوجی بھیجے تھے، تقریبا 600 ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے
پیانگ یانگ(آئی این پی) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے ان فوجیوں کو اعزازات سے نوازا جو یوکرین میں روس کے ساتھ مل کر لڑے۔ کوریائی سنٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق اس حوالے سے منعقد ہ تقریب میں کم جونگ ان نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تصاویر پر پھول رکھے اور واپس آنے والے سپاہیوں کو گلے لگا کر خراجِ تحسین پیش کیا۔رپورٹ مطابق تقریب حکمران ورکرز پارٹی ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی، جہاں سپاہیوں کو قومی ہیروز قرار دیا گیا جنہوں نے اپنی جوانی اور زندگیاں قربان کیں۔جنوبی کوریا اور مغربی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے مطابق شمالی کوریا نے 2024 میں روس کو 10 ہزار سے زائد فوجی بھیجے تھے، جن میں سے تقریبا 600 ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے۔