اسرائیلی فوج فلسطینیوں کے زیتون کے درخت تباہ کرنے لگی، غزہ میں مظالم کیخلاف دنیا بھر میں احتجاج،، نیتن یاہو کیخلاف لاکھوں افراد کے مظاہرے
غزہ کے کئی رہائشی علاقے ملبے کا ڈھیر بن گئے ،ہزاروں خاندان محفوظ مقامات کی تلاش میں ہجرت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں
غزہ، مقبوضہ بیت المقدس،لندن(آئی این پی) اسرائیلی فوج نے غزہ پر قبضے کے منصوبے میں تیزی کرتے ہوئے کارروائیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کردیا، اسرائیلی ٹینک مغربی علاقے سبرا میں داخل ہوگئے، غزہ میںاسرائیلی فوج کی تازہ وحشیانہ کارروائیوں میں مزید 63 فلسطینی شہید اور 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جن میں کم از کم 4 بچے بھی شامل ہیں ۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ کے مغربی علاقے سبرا میں اسرائیلی فوجی ٹینکوں کو گشت کرتے دیکھا گیا اور اس اقدام کا مقصد اپنی گرفت مضبوط کرکے علاقے پر قبضہ کرنا ہے۔ ادھر غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، غزہ کے رہائشی علاقوں پر اسرائیل کے ہولناک حملوں میں صبح اب تک مزید 63 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں امداد کے منتظر 22 افراد بھی شامل تھے۔ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کے کئی رہائشی علاقے ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں اور ہزاروں خاندان محفوظ مقامات کی تلاش میں ہجرت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔غزہ کے شہریوں نے بتایا ہے کہ "ہم سڑکوں پر جانوروں کی طرح سونے پر مجبور ہیں۔ کوئی جائے پناہ نہیں بچی۔"اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 62 ہزار 622 ہوگئی جبکہ ایک لاکھ57 ہزار 673 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں بھوک کی شدت سے 8 اور فلسطینی دم توڑ گئے جس کے بعد اسرائیل کے جبری قحط سے اموات کی تعداد 114 بچوں سمیت 281 ہوگئیں۔اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مغربی کنارے میں زیتون کے ہزاروں درخت تباہ کردئیے۔ اسرائیلی فوج فلسطینوں کے قتل عام اور ان کی زمین پر اپنی غیر قانونی آبادیاں اور بستیاں قائم کرنے کے بعد اب فلسطینوں کا معاشی قتل بھی کررہی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مغربی کنارے میں واقع شہر رام اللہ میں فلسطینیوں کے زیتون کے 3000 سے زائد درخت تباہ کردئیے ہیں اور یہ کارروائیاں اب تک جاری ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے رام اللہ کے شمال مشرق میں تقریبا 4,000 رہائشیوں پر مشتمل ایک گاں المغیر میں 0.27 مربع کلومیٹر کے علاقے میں زیتون کے درختوں کو اکھاڑ پھینکنے کا حکم جاری کیا ہے۔فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں مظاہرین نے انسانی زنجیر بناکر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔جنوبی کوریا میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر احتجاجی ریلی نکالی گئی جہاں مظاہرین نے فلسطین آزاد کرو کے نعرے بلند کیے۔