ویب ڈیسک: کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں سیکیورٹی فورسز کی بم ڈسپوزل ٹیم کی گاڑی کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکہ اُس وقت پیش آیا جب بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم علاقے میں موجود تھی۔ شہید ہونے والے اہلکاروں میں صوبیدار شہزاد امین، نائب صوبیدار عباس، سپاہی خلیل اور سپاہی زاہد شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں لانس نائیک ظفر، لانس نائیک فاروق اور سپاہی خرم سلیم شامل ہیں۔دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ شہداء کی میتیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مزید خطرات کے پیشِ نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کے دیگر عملے کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔