کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکا: 24 جاں بحق، 46 سے زائد زخمی

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکا: 24 جاں بحق، 46 سے زائد زخمی

کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ایک شدید دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق اور 46 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

 دھماکا اس وقت ہوا جب پلیٹ فارم پر مسافر جعفر ایکسپریس کی روانگی کا انتظار کر رہے تھے۔ ریلوے حکام کے مطابق، آج کوئٹہ سے چمن پیسنجر اور جعفر ایکسپریس کی روانگی شیڈول تھی، اور مسافر پلیٹ فارم پر موجود تھے۔ دھماکا ٹکٹ گھر کے قریب ہوا اور بظاہر خودکش حملہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔واقعے کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، اور اضافی طبی عملہ طلب کیا گیا ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے خاتون سمیت 21 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ایس ایس پی ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام کو تحقیقات کا حکم دیا اور رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ملوث عناصر کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔