اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل (CCI) کا 52واں اجلاس 2 مئی کو منعقد ہوگا، جس کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
مشترکہ مفادات کونسل سیکریٹریٹ کے مطابق، اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء اور دیگر اہم شخصیات سمیت 24 شرکاء کو خصوصی دعوت پر بلایا گیا ہے۔ اجلاس میں اہم قومی معاملات، خصوصاً متنازع نہری منصوبے زیر غور آئیں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعلان کیا تھا کہ متنازع نہری منصوبہ اب مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کیا جائے گا، اور باہمی اتفاق تک نہریں نہیں بنائی جائیں گی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے عوام کے تحفظات سننے اور مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شہباز شریف نے احتجاج کے بیشتر نکات کو ایڈریس کیا ہے۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں ہی تمام فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، تاکہ تمام فریقین کو اعتماد میں لے کر آئندہ کے لائحہ عمل پر اتفاق ہو سکے۔اجلاس ملکی سطح پر صوبوں اور وفاق کے درمیان پانی کے تقسیم، توانائی، اور دیگر اہم معاملات کے حل کے لیے نہایت اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔