جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل پورے ملک میں ہڑتال ہو گی، جس پر تمام تاجر تنظیمیں متحد ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اس ہڑتال کا مقصد غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف آواز بلند کرنا اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد ایک مضبوط پیغام دے گا کہ پاکستانی قوم اسرائیل اور بھارت کی جارحیت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی اور ان کے اقدامات کے خلاف ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ موجودہ خطے اور خلیج کی صورتِ حال تشویش ناک ہے اور بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد حالات مزید بگڑ گئے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت کی ہر کارروائی میں اسرائیل کی حمایت اور اس کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہوتا ہے، اور یہ ٹرائیکا خطے میں ایک خوفناک کھیل کھیل رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کو کوئی نیا واقعہ نہیں بلکہ ایک تکرار سمجھا، کیونکہ بھارت پہلے بھی ایسے آپریشن کر چکا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج پورے ملک میں بھارت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان کسی صورت بھارت اور اسرائیل کی سرگرمیوں کو تسلیم نہیں کرے گا۔