امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے پشاور میں تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہڑتال امریکا، اسرائیل اور بھارت کے خلاف ہے، جو مسلمانوں کے قتلِ عام میں شریک ہیں۔حافظ نعیم الرحمٰن نے بھارت کی اسرائیل کے ساتھ حمایت اور مسلمانوں کے قتلِ عام میں شریک ہونے کا ذکر کیا اور کہا کہ بھارت کے خلاف تمام پاکستانیوں کو متحد ہو کر کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ حکومت سے اختلافات ہیں، مگر ملک کی بقاء کے لیے سب کو ایک ہونا چاہیے اور ہم غیر مشروط طور پر حکومت کے ساتھ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر چلنا چاہیے، کیونکہ ایسے حساس مواقع پر سب کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک ہونا ضروری ہے۔
اس سے قبل، حافظ نعیم الرحمٰن نے اسلام آباد میں یکجہتی غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا مسلمانوں اور انسانوں کا قاتل ہے، غزہ ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے اور بچوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسرائیل کو امریکی پشت پناہی حاصل ہونے کا بھی ذکر کیا تھا۔حافظ نعیم الرحمٰن نے 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال کرنے کا اعلان بھی کیا تھا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔