وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معصوم بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جو معاشرہ بچوں کو امن نہیں دے سکتا، وہ خود کبھی پائیدار امن حاصل نہیں کر سکتا۔
انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں بچوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کیا۔مریم نواز نے پنجاب میں بچوں کے تحفظ اور فلاح کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا، جن میں پاکستان کی پہلی چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے خلاف ہر قسم کے تشدد کا تدارک کیا جائے گا اور ان کے حقوق کی حفاظت ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ، وزیرِ اعلیٰ نے بچوں کی صحت، تعلیم اور ترقی کے لیے مختلف پروگراموں کا آغاز کیا ہے، جن میں سکول نیوٹریشن پروگرام، ارلی چائلڈہوڈ سکول سسٹم، ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی، اور چیف منسٹر انسولین پروگرام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست ماں جیسی ہے اور بچوں کی فلاح و بہبود پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔مریم نواز نے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی حفاظت اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔