ویب ڈیسک: چین نے اپنے انسان بردار خلائی مشن شین ژو 24 (Shenzhou-24) کو کامیابی کے ساتھ خلاء میں روانہ کر دیا، مشن میں پہلی مرتبہ ایک پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بھی شامل ہیں، جو چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ (Tiangong) پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بننے کا اعزاز حاصل کریں گے۔
چینی خلائی ادارے کے مطابق شین ژو 24 خلائی جہاز نے بدھ کی صبح شمال مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے اڑان بھری۔ روانگی کے تقریباً 10 منٹ بعد خلائی جہاز راکٹ سے علیحدہ ہو کر اپنے مقررہ مدار میں داخل ہوگیا۔ حکام نے مشن کو مکمل کامیاب قرار دیتے ہوئے تینوں خلا بازوں کی خیریت کی تصدیق کی ہے۔
مشن میں پاکستان کے محمد ذیشان علی کے علاوہ چین کے خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی شامل ہیں۔ تانگ ہونگ بو مشن کی کمانڈ کر رہے ہیں، جبکہ وو یی فلائٹ انجینئر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ مشن کا حصہ ہیں۔مشن کے دوران عملہ 90 سے زائد سائنسی تجربات اور جدید ٹیکنالوجیز کی آزمائش کرے گا۔ ان تجربات میں خلائی حیاتیاتی علوم، ایروسپیس میڈیسن اور انسانی جسم پر خلاء کے اثرات کا مطالعہ شامل ہے۔ سائنس دان یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ انتہائی کم کششِ ثقل اور خلائی ماحول انسانی جسم میں خون کی شریانوں کی عمر بڑھنے سمیت مختلف حیاتیاتی عمل کو کس طرح متاثر کرتے ہیں۔
پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی خصوصی طور پر بیکٹیریا میں فوٹوسینتھیسز کے عمل اور کوئنوآ کے بیجوں پر خلائی شعاعوں اور کم کششِ ثقل کے اثرات سے متعلق تجربات میں حصہ لیں گے۔ ان تجربات سے مستقبل میں خلاء میں خوراک کی پیداوار اور حیاتیاتی تحقیق کے نئے امکانات سامنے آنے کی توقع ہے۔ محمد ذیشان علی اس تاریخی مشن میں شرکت کے لیے چین میں تقریباً سات ماہ تک سخت تربیت حاصل کر چکے ہیں، جس میں خلائی جہاز کے نظام، ہنگامی حالات سے نمٹنے، تکنیکی مہارتوں اور چینی زبان کی خصوصی تربیت شامل تھی۔اطلاعات کے مطابق پاکستانی خلا باز تقریباً 5 سے 10 روز تک خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے، جہاں وہ چینی خلا بازوں کے ساتھ مشترکہ سائنسی تجربات انجام دیں گے، جبکہ واپسی پر شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر پہنچیں گے۔
یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق میں تعاون کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس سے قبل دونوں ممالک کے خلائی اداروں کے درمیان فروری 2025 میں تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی خلا بازوں کو چین میں تربیت فراہم کرنے اور مشترکہ خلائی مشن میں شرکت کا موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔