خلاء میں 8 ماہ سے پھنسے ناسا کے خلاء بازوں کی واپسی کا امکان

خلاء میں 8 ماہ سے پھنسے ناسا کے خلاء بازوں کی واپسی کا امکان

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں پچھلے 8 ماہ سے پھنسے ناسا کے خلاء باز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور کی واپسی کا امکان 19 مارچ کو ظاہر کیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں خلاء باز ابتدائی طور پر صرف 8 دن کے مشن پر خلاء میں گئے تھے، لیکن بوئنگ اسٹار لائنر کے خلائی جہاز میں خرابی کی وجہ سے ان کا سفر کئی ماہ تک طول پکڑ گیا۔ اس تاخیر کی وجہ سے ان کی واپسی پہلے 2025ء کے فروری تک متوقع تھی، تاہم اب ناسا نے اعلان کیا ہے کہ 12 مارچ کو ایک نیا خلائی جہاز لانچ کیا جائے گا، جو انہیں 19 مارچ کو زمین پر واپس لے آئے گا۔ناسا کے مطابق اس اضافی وقت کو دونوں خلاء بازوں نے سائنسی تحقیق اور منفرد خلائی تجربات کے لیے استعمال کیا۔ ان کی خلاء میں طویل قیام ناسا اور خلائی تحقیق کے لیے کئی نئے پہلوؤں کو اجاگر کر رہا ہے۔