ٹریکنگ بینڈز پہننے والے مجرموں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے گی‘1500ڈیوائس قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تقسیم کی جائیں گی
لاہور(کرائم رپورٹر ) محکمہ داخلہ پنجاب نے جرائم پیشہ افراد کی نگرانی اور امن و امان کے قیام کیلئے اقدامات کے طورپر عادی مجرموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو ٹریکنگ ڈیوائس پہنائی جائیں گی۔سیکریٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹریکنگ ڈیوائسز کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ، پیرول ڈیپارٹمنٹ اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔محکمہ داخلہ پنجاب 1500 دستیاب ٹریکنگ ڈیوائسز کو قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تقسیم کر رہا ہے، نئے تشکیل شدہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو 500 ٹریکنگ بینڈز دئیے جائیں گے۔اجلاس میں سی ٹی ڈی کو 900 ٹریکنگ بینڈز جبکہ پیرول ڈیپارٹمنٹ کو 100 بینڈز دینے کی منظوری بھی دی گئی اور کہا گیا ٹریکنگ بینڈز پہننے والے مجرموں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے گی۔سیکریٹری داخلہ پنجاب نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ٹریکنگ ڈیوائسز درآمد کرنے کی بھی ہدایت کی اور بتایا کہ جرائم پیشہ افراد کو سرویلنس میں رکھنے کیلئے عالمی سطح پر رائج طریقہ کار اپنائے جائیں گے۔ دوران اجلاس ماہرین نے مجرمان کی بلا تعطل نگرانی کیلئے مائیکرو ٹریکنگ چپ نصب کرنے کی سفارش کی ہے۔