بھارت کا رویہ انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے ‘ پاکستان اس کی ہر سطح پر مخالفت کرے گا، معاہدوں پر دوبارہ غور کیا جا سکتا ہے:اسحاق ڈار
بھارت پاکستان کیخلاف کم شدت کی جنگ مسلط کئے ہوئے ہے ‘ پاکستان دفاع کا پورا حق رکھتا ہے‘ کسی قسم کے دبا ئو کو قبول نہیں کرے گا:خواجہ آصف
بھارتی بیانات میں گیدڑ بھبکیاں نظر آئیں، پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دیا ہے، فضائی حدود بند ہونے سے بھارت کو معاشی نقصان ہوگا:عطا تارڑ
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزراء نے کہا ہے بھارت نے سندھ طاس معاہدہ ختم کیا تو پاکستان بھی شملہ معاہدے سمیت دیگر معاہدے ختم کرنے کا حق رکھتا ہے، پاک فوج ہر قسم کی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے تیار ہے، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلے پر بھارتی سفارتی عملے کو طلب کیا جائے، بھارت ہمیشہ الزام تراشی کا کھیل کھیلتا ہے، اگر کوئی ثبوت ہیں تو شیئرکریں۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ علاقائی کشیدگی اور بھارت کے غیرذمہ دارانہ رویے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد وفاقی وزرا نے میڈیا کو بریفنگ دی جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کا موقف واضح کیا۔وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا پہلگام واقعہ پر دفتر خارجہ نے باضابطہ موقف جاری کیا اور پاکستان اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو یکسر مسترد کیا گیا ہے کیونکہ یہ معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت یک طرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کرسکتا اگر اس نے سندھ طاس معاہدہ ختم کیا تو ہم بھی شملہ معاہدے سمیت دیگر معاہدے ختم کرنے پر غور کریں گے، بھارت کا رویہ انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے اور پاکستان اس کی ہر سطح پر مخالفت کرے گا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی نہ صرف مذمت کرتا ہے بلکہ دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی ہو، پاکستان اس کے خلاف کھڑا ہے۔انہوں نے کہا بھارت پاکستان کے خلاف کم شدت کی جنگ مسلط کیے ہوئے ہے لیکن پاکستان اپنے دفاع کا پورا حق رکھتا ہے اور کسی قسم کے دبا ئو کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پلواما واقعہ پر پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا تھا اور آئندہ بھی کسی جارحیت پر پاکستان اپنی وحدت اور دفاع ثابت کرے گا‘ وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا بھارت کا ردعمل بچگانہ تھا، بھارتی بیانات میں گیدڑ بھبکیاں نظر آئیں، پاکستان نے بھارت کو بھرپور جواب دیا ہے، فضائی حدود بند ہونے سے بھارت کو معاشی نقصان ہوگا، بھارت کے پاس صرف کھوکھلی دھمکیاں اور گیدڑبھبکیاں ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ ہمارے پاس بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت ہیں، بیانیے کی جنگ میں بھی پاکستان کامیاب رہا ہے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کی معطلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بھارت اپنی سیکیورٹی کی ناکامی کا بوجھ پاکستان پر نہ ڈالے۔منصور عثمان نے کہا کہ جنگوں کے باوجود سندھ طاس معاہدہ قائم رہا، سندھ طاس معاہدہ کسی صورت معطل نہیں ہوسکتا، سندھ طاس معاہدے پر اپنا قانونی حق استعمال کریں گے۔