شی جن پنگ کے استقبال سے قبل امریکی فوجی ریڈ کارپٹ صاف کرتے نظر آئے، ویڈیو وائرل

شی جن پنگ کے استقبال سے قبل امریکی فوجی ریڈ کارپٹ صاف کرتے نظر آئے، ویڈیو وائرل

چینی صدر شی جن پنگ کے دورۂ امریکا کے دوران ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس میں امریکی فوجی اہلکار جوائنٹ بیس اینڈریوز پر شی جن پنگ کی آمد سے کچھ دیر قبل ریڈ کارپٹ کو ہاتھوں سے صاف اور درست کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق تقریباً 30 میٹر (98 فٹ) طویل ریڈ کارپٹ چینی صدر کے طیارے سے اترنے کے راستے میں بچھایا گیا تھا۔ وائرل 12 سیکنڈ کی ویڈیو میں امریکی فوجی اہلکاروں کو گھٹنوں کے بل بیٹھ کر قالین کو ہموار اور صاف کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔شی جن پنگ 23 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے کے لیے امریکا پہنچے، جہاں ٹرمپ اور خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ان کا استقبال کیا۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے خود بیس پر چینی صدر کا استقبال کیا، جبکہ 24 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی۔شی جن پنگ کے استقبال کی تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے، 21 توپوں کی سلامی، گارڈ آف آنر اور امریکی جنگی طیاروں کی فضائی نمائش شامل تھی۔

 دو B-1 بمبار طیاروں کے علاوہ F-16 اور F-22 جنگی طیاروں نے بھی فلائی اوور میں حصہ لیا۔ریڈ کارپٹ کی صفائی کی مختصر ویڈیو سامنے آنے کے بعد امریکی سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آئے۔ بعض صارفین نے اس منظر کو سفارتی پروٹوکول اور استقبالیہ تقریب کے تناظر میں موضوعِ بحث بنایا، جبکہ کچھ نے اسے غیر معمولی منظر قرار دیا۔چین اور امریکا کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی رابطوں کے تناظر میں شی جن پنگ کے دورے کے دوران تجارت، مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور دیگر اہم دوطرفہ و عالمی امور پر بات چیت بھی متوقع ہے۔