واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے چین میں ہونے والے سہ فریقی مذاکرات کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے، تاہم یوکرین میں جاری روسی جنگ مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہونے کا امکان نہیں ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک سینئر امریکی عہدیدار نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے کے دوران ہونے والی سہ فریقی ملاقات میں ایران کی موجودہ صورتحال کو خصوصی اہمیت دیں گے۔امریکی عہدیدار نے جمعرات کو چین کے شہر شین ژین میں ہونے والی مجوزہ ملاقات سے قبل ٹیلی فونک بریفنگ میں کہا کہ صدر ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ سہ فریقی نشست میں ایران جنگ کا معاملہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ان کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران سے متعلق صورتحال تینوں عالمی رہنماؤں کے درمیان اہم موضوعات میں شامل ہوگی۔ اس ملاقات میں ایران جنگ کے ممکنہ اثرات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دوسری جانب امریکی عہدیدار نے واضح کیا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو اس سہ فریقی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل کیے جانے کا امکان نہیں ہے۔ اس طرح مذاکرات میں ایران کا معاملہ زیر بحث آئے گا، جبکہ یوکرین جنگ پر گفتگو متوقع نہیں۔امریکی عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں سے گفتگو کی۔ تاہم انہوں نے سہ فریقی ملاقات کے دیگر ممکنہ موضوعات، مذاکرات کے دورانیے اور کسی ممکنہ مشترکہ اعلامیے کے حوالے سے تفصیلات فراہم نہیں کیں۔