بیجنگ: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اپنے دورۂ چین کے دوران آج ایک اہم ملاقاتوں اور سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، جنہیں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کے استحکام کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف آج چینی ہم منصب لی چیانگ سے ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیراعظم کی ملاقات چین کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و انڈسٹری لی لیچنگ سے بھی شیڈول ہے، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبے میں تعاون کے نئے امکانات پر بات کی جائے گی۔دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ میں منعقد ہونے والی پاک چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کی بھی صدارت کریں گے۔
یہ کانفرنس گزشتہ سال جون 2024ء میں شینزین میں ہونے والی پہلی کانفرنس کے نتائج کا جائزہ لے گی اور آئندہ کے لیے مشترکہ سرمایہ کاری و کاروباری منصوبوں کا لائحہ عمل طے کرے گی۔وزیراعظم کے اس دورے کو ماہرین پاکستان کے لیے ایک بڑا موقع قرار دے رہے ہیں، جس کے ذریعے نہ صرف پاک چین اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی بلکہ ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون میں بھی نئی راہیں کھلیں گی۔