ویب ڈیسک: پنجاب کے ضلع وہاڑی کے علاقے لڈن روڈ پر انوار آباد کے قریب پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا۔ خوش قسمتی سے طیارے میں سوار دونوں پائلٹس بروقت ایجیکٹ ہو کر محفوظ رہے اور انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت طیارہ نجی آئل کمپنی کے ڈپو کے قریب کھیتوں میں گرا۔ زوردار دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، جبکہ شعلے اور دھواں آسمان تک بلند ہوتے دکھائی دیے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو، مقامی انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ اہل علاقہ کی بڑی تعداد بھی جائے حادثہ پر جمع ہو گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے کو حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔واقعے کے دوران کسی شہری یا املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔