اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پی پی ایف پیڈل رینکنگ کپ ٹورنامنٹ کا انڈر-18 ٹائٹل ابراہیم شہزاد اور اسماعیل آفتاب نے جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر تھے جنہوں نے ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان پیڈل فیڈریشن کے نائب صدر ریحان الدین اور اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن کے صدر صہیب حسن کے علاوہ شائقینِ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن اور ایشیاء پیڈل فیڈریشن کی زیر سرپرستی، اسلام آباد پیڈل ایسوسی ایشن اور پاکستان پیڈل فیڈریشن کے زیر اہتمام اور اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں مختلف چار کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے تھے جن میں بوائز انڈر-12، بوائز انڈر-14، بوائز انڈر16 اور بوائز انڈر-18 کے مقابلے شامل تھے۔انڈر-18 کا ٹائٹل ابراہیم شہزاد اور اسماعیل آفتاب نے جیت لیا انڈر-16 کے ایونٹ میں محمد بن انس اور ریحان فیضان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، انڈر-14 کے ایونٹ میں اسد عاطف اور محمد ارش نے جبکہ انڈر-12 کے مقابلوں میں ارش اور اذان نے کامیابی حاصل کی۔