لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ون ویلنگ اور خطرناک موٹر سائیکل رائیڈنگ کے خلاف سول لائنز ڈویڑن پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں 10 ون ویلرز کو گرفتار کر لیا۔ایس پی سول لائنز منزہ کرامت کے مطابق گرفتار ملزمان صبح سویرے اور رات کے اوقات میں مین شاہراہوں پر بلر بازی اور ون ویلنگ کرتے تھے۔ پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے کر ان کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا کہ اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ون ویلنگ جیسے خطرناک رجحان کی روک تھام کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔