چوری، نوسر بازی،بھکاریوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے:سی سی پی او

لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ اہم شاہراہوں اور ٹریفک سگنلز پر بھکاریوں اور نوسر بازوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ٹریفک سگنلز پر نوسر بازی سے وارداتیں کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرزمیںمنعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں شہر میں چوری کی وارداتوں کی روک تھام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران چوری اور جیب تراشی میں ملوث عادی مجرمان کا جامع ریکارڈ مرتب کرنے اور ان کی موثر نگرانی یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے افسران کو ہدایت کی کہ چوری کی وارداتوں کے ہاٹ اسپاٹس پر موثر پٹرولنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کی بروقت نشاندہی اور گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ڈویژنل ایس پیز چوری کے مقدمات کی تفتیش کی نگرانی خود کریں اور افسران اپنی سپرویژن اور کمانڈ کو مزید بہتر بناتے ہوئے پروفیشنل پولیسنگ پر فوکس کریں۔اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن) عمران کشور، ڈی آئی جی (انوسٹی گیشن) ذیشان رضا، ڈی آئی جی (آپریشنز) فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن) محمد نوید، ایس ایس پی (آپریشنز) عبداللہ احمد اور تمام ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔