پنجاب اسمبلی: کفایت شعاری نافذ، گاڑیوں کی خریداری ،غیر ملکی دوروں پر پابندی

 سرکاری ٹرانسپورٹ اخراجات 50 فیصد کم، عشائیوں پر پابندی ، ، کمیٹی اجلاس آن لائن ہوں گے
 لاہور (زیڈاین این)پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے ملک کے معاشی حالات کے پیشِ نظر اسمبلی میں ایندھن اور قومی وسائل کی بچت کے لیے سخت کفایت شعاری اقدامات نافذ کر دیے ہیں، جس کے تحت سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی کے ساتھ ساتھ اہم پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ ہدایات کے مطابق سرکاری ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی گاڑیوں کی تعداد کو صرف ایک ایسکارٹ تک محدود کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں اسمبلی میں ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم پہلے سے جاری پروکیورمنٹ کے عمل کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔توانائی کی بچت کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھاتے ہوئے غیر ضروری لائٹس اور برقی آلات کی بندش سے 70 فیصد بجلی بچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اسمبلی کے اجلاسوں کو غروبِ آفتاب سے قبل شیڈول کرنے کی اجازت ہوگی۔ سٹینڈنگ کمیٹیوں کے اجلاسوں کی تعداد کم سے کم رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ناگزیر صورتِ حال میں یہ اجلاس آن لائن منعقد کیے جائیں گے۔نئے ضوابط کے تحت ارکانِ اسمبلی اور افسران کے غیر ملکی دوروں اور سرکاری عشائیوں (بسوائے غیر ملکی وفود) پر مکمل پابندی رہے گی۔ تاہم بین الاقوامی ترقیاتی اداروں کی اسکالرشپ کے تحت ہونے والے دورے استثنیٰ کے حامل ہوں گے، جن کے دوران تمام ارکان و افسران اکانومی کلاس میں سفر کرنے کے پابند ہوں گے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ میں پیپر لیس ورکنگ کے ماحول کو فروغ دیا جائے گا اور ضروری روزمرہ اشیا کے علاوہ دیگر تمام خریداریوں کو کم سے کم سطح پر رکھا جائے گا۔ان اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی کی سربراہی میں ایک خصوصی کفایت شعاری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ تاہم اسمبلی اجلاس کے دوران ضرورت کے مطابق ان اقدامات میں مناسب تبدیلی کی اجازت حاصل ہوگی۔