کفایت شعاری مہم میں توسیع آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح : شہباز شریف
وزیراعظم کی گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے حوالے سے کام تیز کرنے کی ہدایت، آسان خدمت کی سہولیات کو صوبوں میں بھی شروع کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کفایت شعاری مہم میں 13جون تک توسیع کردی گئی۔ حکومت نے ایندھن کے تحفظ اور اضافی کفایت شعاری اقدامات کے تحت نافذ پابندیوں میں 13 جون 2026ء تک توسیع کر دی ہے جس کا کابینہ ڈویڑن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے ایندھن کے تحفظ اور کفایت شعاری اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد کمیٹی کی سفارشات پر ان اقدامات میں فوری طور پر توسیع کی منظوری دی،جاری سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں 50 فیصد کمی برقرار رہے گی۔ 60 فیصد سرکاری گاڑیاں بدستور بند رکھی جائیں گی۔ غیر ملکی دوروں اور سرکاری سفری اخراجات پر مکمل پابندی بھی برقرار رکھی گئی ہے۔ اسی طرح پہلے سے دیئے گئے مخصوص استثنیٰ بھی برقرار ہوں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں آئی ٹی کے فروغ، برآمدات میں اضافے اور ڈیجیٹل سہولیات کی توسیع سے متعلق مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان کے نوجوانوں میں آئی ٹی کے حوالے سے بے پناہ استعداد موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جانا چاہیے۔وزیراعظم نے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے حوالے سے کام تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ آسان خدمت کی سہولیات کو صوبوں میں بھی شروع کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے، آئی ٹی کے شعبے میں شہری اور دیہی علاقوں کے درمیان فرق کم کرنے کے لیے صوبائی اور ضلعی سطح پر حکومتوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔۔اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔