قومی خزانے کو 56 کروڑ30 لاکھ کی سالانہ بچت‘ دیگر اخراجات میں بھی کمی لاکر 40 کروڑ سے زائد کی بچت کی جائے گی،ترجمان قومی اسمبلی
اسلام آباد(آن لائن) سپیکر سردار ایاز صادق نے کفایت شعاری کی قومی مہم کے تحت بڑا قدم اٹھاتے ہوئے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی گریڈایک سے 19 تک کی 220 غیرضروری آسامیاں ختم کردی ہیںجس سے قومی خزانے کو 56 کروڑ30 لاکھ روپے سے زائد کی سالانہ بچت ہوگی جبکہ دیگر شعبوں کے اخراجات میں بھی کمی لاکر 40 کروڑ سے زائد کی بچت کی جائے گی۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اخراجات میں بڑی کمی لانے کے تین مراحل میں سے دو مکمل کرلیے گئے۔ پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی کی مختلف گریڈز کی 90 غیرضروری آسامیاں ختم کی گئیں جن سے 25 کروڑ 52 لاکھ 64 ہزار روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔دوسرے مرحلے میں گریڈ ایک سے 19 تک کی 130غیرضروری آسامیاں ختم کرنے سے 30 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد سالانہ کی بچت ہوگی۔ جس سے مجموعی طورپر 56 کروڑ27لاکھ 66 ہزار روپے سے زائد کی سالانہ بچت ہوگی جبکہ تیسرے مرحلے کے اقدمات سے اضافی طور پر 40 کروڑ روپے سالانہ کی مزید بچت ہوگی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر ہونے والے ان اقدامات کا مقصد مجموعی طورپر ایک ارب روپے سالانہ کی بچت کرنے کا ہدف حاصل کرنا ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت فنانس کمیٹی کے اجلاس میں کفایت شعاری پلان پر عمل درآمد کے لئے اقدامات کی منظوری دی گئی جس کے تحت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی ضروریات کے مطابق آسامیوں کے تعین، خاتمے، تعیناتیوں اور ترقیوں کے طریقہ کار میں بہتری اور شفافیت لائی گئی۔ فنانس کمیٹی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں مزید بھرتی کا عمل ختم کردیا ہے جبکہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ایمپلائز ایکٹ 2018 کے جائزے اور اسے سول سرونٹس ایکٹ1973 کے تحت وضع کردہ رولز کے مطابق ہم آہنگ کرنے کے لئے ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی جواس ضمن میں مناسب ترامیم تجویز کرے گی۔