لاہور سے اسلام آبادجانے والی موٹر وے بھی بند‘پنجاب میں دفعہ 144 نافذ فوج‘رینجرزطلب کرنے کی درخواست منظور

 تمام مال بردار اور بھاری گاڑیوں کیلئے موٹروے  ایم 2 پر داخلے پر  پابندی عائد‘موٹر وے ایم 14  ہکلہ تا کنڈل  اورجی ٹی روڈ این 5  اٹک خورد کے مقام پر ٹریفک کیلئے بند
 دفعہ 144  پانچ اکتوبر تک رہے گی‘ عوامی مقامات، شاہراہوں یا کسی بھی کھلی جگہ پر 5 یا زائد افراد کے اجتماع، جلسے، جلوس، دھرنے، ریلیوں پر پابندی ہوگی
 لاہور‘اسلام آباد (زیڈاین این‘آئی این پی) موٹروے پولیس اور انتظامیہ نے ایم ٹو (M-2) موٹروے پر لاہور سے اسلام آباد جانے والی تمام بڑی گاڑیوں اور کارگو (مال بردار) وہیکلز کے داخلے پر فوری پابندی عائد کر دی ہے، جس کا رسمی اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کی جانب سے جاری کردہ اضطراری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لاہور سے اسلام آباد کے لیے ایم ٹو موٹروے پر تمام قسم کی بھاری ٹریفک، بشمول ٹرالرز، ٹرک اور دیگر کارگو وہیکلز کی رفت و آمد پر مکمل پابندی رہے گی۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدام ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور روڈ سیفٹی اقدامات کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 14 کو  ہکلہ تا کنڈل ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔جی ٹی روڈ این 5 بھی اٹک خورد کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کی گئی ہے۔پشاور موٹر وے ایم ون   تاحکم ثانی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔دریں اثناء سکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 (6) کے تحت عوامی اجتماعات پر فوری پابندی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ 23 ستمبر سے 5 اکتوبر تک نافذ العمل رہے گا، اس دوران صوبہ بھر میں عوامی مقامات، شاہراہوں یا کسی بھی کھلی جگہ پر 5 یا زائد افراد کے اجتماع، جلسے، جلوس، دھرنے، ریلیاں اور مظاہروں پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی سرعام نمائش پر بھی پابندی لگائی گئی ہے، غیرقانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کی دعوت دینے یا ترغیب دینے پر بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘ وفاقی حکومت نے پنجاب میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست منظور کرلی، ذرائع کے مطابق راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کے دستے 5 اکتوبر 2026 تک تعینات رہیں گیذرائع کے مطابق راولپنڈی میں رینجرز کی 3 کمپنیوں کی تعیناتی کی درخواست کی گئی تھی، جبکہ اٹک میں رینجرز کے 5 ونگز تعینات کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی ایک، ایک کمپنی تعینات ہوگی۔