کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے افغانستان کے قائمقام قونصل جنرل مولوی محمد حبیب ناصر نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان سے افغان مہاجرین کے انخلا اور باعزت واپسی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ غیر ملکیوں کے انخلا سے متعلق قومی پالیسی پر بلوچستان حکومت مؤثر عمل درآمد کروا رہی ہے اور وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین کو صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ضعیف العمر افراد، خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی ہدایات پہلے ہی جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) کے حکام سے بھی مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ انخلا کا عمل انسانی ہمدردی اور وقار کے ساتھ آگے بڑھایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ افغان خواتین کو ہم اپنی ماؤں اور بہنوں کی طرح سمجھتے ہیں اور اسی جذبے کے تحت انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ مہاجرین کو کسی بھی قسم کی دشواری نہ ہو۔
مقامی سطح پر انتظامی معاملات کی بروقت نگرانی کے لیے محمد فریدون کو بطور فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے تاکہ مہاجرین کو سہولیات کی فراہمی اور واپسی کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی ایک تدریجی اور شفاف عمل کے تحت مکمل کی جائے گی اور یہ نہ صرف بلوچستان بلکہ دونوں برادر ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔ملاقات میں رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی اور سول سوسائٹی کے نمائندے علاالدین خلجی بھی موجود تھے۔