پشاور: خیبرپختونخوا کے صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی اور خیر سگالی کے جذبے کے تحت افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ افغانستان اس وقت تباہ کن زلزلے کے اثرات سے دوچار ہے اور غربت کے شکار ملک کے لیے واپس آنے والے مہاجرین کا بوجھ برداشت کرنا ممکن نہیں۔بیرسٹر سیف نے بتایا کہ حالیہ زلزلے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد انہی افراد کی ہے جو واپس جانے والے مہاجرین ہیں، لہٰذا ایسے حالات میں افغانستان کی مدد کی جانی چاہیے، نہ کہ اسے مزید مشکلات میں دھکیلا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ غربت زدہ ملک پر مہاجرین کی واپسی کا بوجھ ڈالنا اخلاقی طور پر بھی درست نہیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنے وسائل سے بڑھ کر افغان زلزلہ متاثرین کی مدد کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے افغان سفیر سے ملاقات میں متاثرین کے لیے صحت کی مفت سہولیات سمیت ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 35 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان افغان حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت افغانستان کو بھرپور تعاون اور مدد کی ضرورت ہے اور پڑوسی و مسلمان ملک ہونے کے ناتے یہ پاکستان کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔