جاپانی کوہ پیماؤں کی قراقرم میں ہاشو پیک II سر کرنے کی کامیابی

جاپانی کوہ پیماؤں کی قراقرم میں ہاشو پیک II سر کرنے کی کامیابی

جاپانی کوہ پیماؤں یوڈائی سوزوکی، گینکی نارومی اور ہیروکی یاماموتو نے پاکستان کے شمالی علاقوں میں واقع قراقرم کی 6,080 میٹر بلند چوٹی ہاشو پیک II کامیابی سے سر کر لی۔

پاکستان آمد پر ان کا استقبال الپائن کلب آف پاکستان (ACP) کے نائب صدر کرار حیدری نے کیا، جنہوں نے ٹیم کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور آئندہ مشترکہ منصوبوں اور تربیتی پروگراموں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔جاپانی کوہ پیماؤں نے اس موقع پر کہا کہ قراقرم کی بلند و بالا چوٹیوں پر چڑھنا ان کے لیے ایک شاندار تجربہ رہا اور پاکستان کے پہاڑوں کے مناظر دنیا میں اپنی مثال آپ ہیں۔گینکی نارومی، جو کہ IFMGA سرٹیفائیڈ ماؤنٹین گائیڈ ہیں، نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پاکستانی کوہ پیماؤں اور گائیڈز کی تربیت میں الپائن کلب آف پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے۔

اس موقع پر الپائن کلب کے صدر عرفان ارشد خان نے جاپانی ٹیم کو ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی، جس سے ان کی کامیابی کی یاد تازہ ہو گئی اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا پیغام بھی ملا۔یہ کامیابی نہ صرف جاپانی کوہ پیماؤں کے لیے یادگار ہے بلکہ پاکستان میں سیاحت اور پہاڑی کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔