ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کی رجسٹریشن ، کیٹیگرائز کا آغاز

ڈیپارٹمنٹ آف ٹورسٹ سروسز کو خصوصی ٹاسک تفویض کردیاگیا
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبے میں سیاحت کے فروغ اور معیار کی بہتری کے لیے ایک بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبے کے تمام ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو باضابطہ طور پر رجسٹر ڈاور کیٹیگرائز کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈیپارٹمنٹ آف ٹورسٹ سروسز (ڈی ٹی ایس) کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے۔رجسٹریشن اور کیٹیگرائزیشن کے اس عمل کے تحت ہوٹلز کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کے مطابق سٹارز دیے جائیں گے۔ اس نظام سے نہ صرف سیاحوں اور شہریوں کو رہائش اور کھانے پینے کی جگہوں کے معیار کو سمجھنے اور اپنی پسند کے مطابق انتخاب کرنے میں آسانی ہوگی بلکہ سرمایہ کاری اور ریونیو میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ابتدائی مرحلے میں مری سے رجسٹریشن کا آغاز کیا گیا جہاں اب تک 210 ہوٹلز اور 175 ریسٹورنٹس رجسٹر ہو چکے ہیں۔ صرف مری سے رجسٹریشن کے نتیجے میں ڈی ٹی ایس کو 20 ملین روپے کی آمدن ہوئی ہے۔ اگلے مرحلے میں لاہور اور راولپنڈی کے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو رجسٹر ڈکرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ حکومت نے ہدف مقرر کیا ہے کہ صوبے بھر کی رجسٹریشن سے 240 ملین روپے ریونیو حاصل کیا جائے گا۔